عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش، عبوری ضمانت منظور

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) خاتون جج کو دھمکیاں اور توہین عدالت کیس میں سابق وزیراعظم اور چیئر مین پی ٹی آئی عمران انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہو گئے ۔ عدالت نے یکم ستمبر تک چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت منظور کر لی ۔
سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں پیش ہوئے اور ضمانت قبل ازگرفتاری کی درخواست دائر کی۔
عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست وکیل بابر اعوان اور علی بخاری کے ذریعے انسداد دہشت گردی عدالت میں دائر کی گئی جبکہ درخواست پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے سماعت کی۔عمران خان نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ضمانت منظور کی جائے اور اسلام آباد پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ دہشت گردی کا جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ ہے، کبھی کوئی جرم کیا نہ ہی کرمنل ریکارڈ ہے۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی یکم ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

@imrankhan#atc#chairmanpti#islamabad#PakTurkNews#pti