لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اپنے گھر زمان پارک سے قافلہ لیکر لبرٹی چوک پہنچ چکے ہیں۔ حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کےلیے کارکن بھی لبرٹی چوک پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی لانگ مارچ کا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں آج لبرٹی سے آغاز ہو گا ۔
پی ٹی آئی کارکن لانگ مارچ میں شرکت کیلئے لبرٹی چوک پہنچ گئے ۔ خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں ۔ مرکزی کنٹینر بھی وہاں پہنچا دیا گیا ہے اور عمران خان جمعے کی نماز کے بعد پہنچیں گے۔اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
لانگ مارچ پہلے روز لاہور کی حدود میں ہی رہے گا ۔ لانگ مارچ کا لبرٹی چوک سے آغاز ہو گا ۔اچھرہ ، مزنگ ، ایم اے ا و کالج ،سیکرٹریٹ ،جنرل پوسٹ آفس چوک ، داتا داربار سے آزادی چوک پہنچے گا ۔ پی ٹی آئی کپتان آزادی چوک میں خطاب کریں گے ۔
دوسرے روز لانگ مارچ کا شاہدرہ سے آغازہوگا۔ دوسرے روز ہفتے کو مریدکے ،کامونکی سے گوجرانوالہ پہنچے گا۔ ڈسکہ سے ہوتا ہوا سیالکوٹ پہنچے گا۔
لانگ مارچ ، سمبڑیال، وزیر آباد سے ہوتا ہوا گجرات پہنچے گا۔ لالہ موسی کھاریاں سے جہلم جائے گا۔ گوجر خان سے راولپنڈی اور چار نومبر جمعے کو راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہوگا ۔
عمران خان نے لانگ مارچ کی پلاننگ میں تھوڑی سی تبدیلی کردی۔ انہوں نے حکمت عملی بتاتے ہوئے کہا کہ لاہور میں لانگ مارچ میں عوام پیدل چلیں گے اور گھروں سے جوگرز پہنچ کر آئیں کیونکہ آج صرف مینار پاکستان تک جانا ہے، درمیان میں 4 سے 5 مقامات پر خطاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیاں پیچھے ہوں گی اور لوگ پیدل مارچ کے ساتھ ساتھ آگے آگے چلیں گے ۔ جہاں جہاں آبادی سے لانگ مارچ گزرے گا لوگ پیدل چلیں گے۔ اگلے جمعہ کو ہم راولپنڈی پہنچیں گے۔