عمران خان کو این اے 108 فیصل آباد سے ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

فیصل آباد (پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو حلقہ این اے 108فیصل آباد سے ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی۔الیکشن ٹربیونل نے این اے 108 فیصل آباد میں کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف عمران خان کی اپیل منظور کرلی۔
تفصیلات کےمطابق الیکشن ٹربیونل نے عمران خان کو این اے 108 فیصل آباد سے ضمنی الیکشن لڑنے کی اجازت دےدی۔این اے 118 ننکانہ صاحب میں بھی عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل مسترد کر دی گئی۔
الیکشن ٹربیونل نے فیصل آباد سے عمران خان کو الیکشن لڑانے کی اجازت دے دی۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے ریٹرنگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا۔
الیکشن ٹربیونل میں اپیل کنندہ شذرہ منصب کے وکیل منصور عثمان کی جانب سے دلائل دیئے گئے۔ انہوں نے دلائل دیے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں حقائق کو چھپایا،عمران خان نے توشہ خانہ کے تحائف کو چھپایا،عمران خا ن کا حلف نامہ اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ نہیں تھا ۔
جسٹس شاہد وحید نے کہا سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ بیان حلفی تصدیق شدہ نہ ہوں تو کاغذات نامزدگی مسترد نہیں کرسکتے۔
وکیل اپیل کنندہ نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 16 کی سکشن 9 کے تحت عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جاسکتے ہیں۔عمران خان نے اہلیہ کے نام پر چار جائیداد لکھی ہیں۔عمران خان کی اہلیہ نے توشہ خانہ سے جو لیا وہ کاغذات نامزدگی میں نہیں لکھا۔جسٹس شاہد وحید کا استفسار کیا کہ کیا اس بنیاد پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے جا سکتے ہیں؟
دوسری جانب این اے 118 ننکانہ صاحب سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔الیکشن اپیلٹ ٹربیونل نے اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔

 

@imrankhan#elecaions#faisalabad#na108#PakTurkNews#pti