عمران خان کی سکیورٹی میں اضافہ ،حفاظتی دیوار بنا دی گئی

لاہور(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی خدشات کے باعث سکیورٹی سخت کردی گئی ۔رہائش گاہ کے باہر حفاظتی دیوار بھی بنا دی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے گھر زمان پارک کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی ریت کے تھیلوں کی چیک پوسٹیں قائم کرکے پولیس کی بھاری نفری تعینات کرتے ہوئے زمان پارک میں سکیورٹی کے لیے مزید کیمرے نصب کردیے گئے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کو سپیشل برانچ کی جانب سے سکیورٹی الرٹ کے بعد زمان پارک میں ان کی رہائش گاہ کے باہر مزید سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں عمران خان کے گھر کے دیوار کے ساتھ سکیورٹی کے پیش نظر ریت کے تھیلوں اور سیمنٹ کے بلاکس رکھ کر حفاظتی دیوار بنا دی گئی ۔زمان پارک آنے جانے والوں کا ریکارڈ رکھنے کے لیے خصوصی ڈیسک بھی قائم کر دیا گیا۔ پارٹی کی خواتین رہنماؤں کی آمد کے پیش نظر چیکنگ کے لیے خواتین پولیس اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔
دریں اثنا عمران خان کی سکیورٹی کے معاملے پر سی سی پی او لاہور غلام محمد ڈوگر نے زمان پارک کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مشیر داخلہ عمر سرفراز چیمہ بھی زمان پارک پہنچے۔

 

@imrankhan#chairmanpti#imrankhanattack#Lahore#PakTurkNews#pti#zamanpark