لاہور(پاک ترک نیوز) عمران خان 6بجے کے بعد قوم سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان شام 6بجے کے بعد قوم سے خطاب کریں گے۔خطاب میں عمران خان آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سازشی اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
اس سے قبل سینئر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کا کہنا ہے کہ میری کوشش ہے کہ ابھی عوام کے درمیان پہنچ جائوں۔ڈاکٹرز مجھے اجازت دیں تو فوری لانگ مارچ کو آگے بڑھاؤں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے بچت ہو گئی ورنہ مارنے والوں نے کوئی کسر نہ چھوڑی، ایسے ڈرائیں گے تو میں ڈرنے والا نہیں ہوں، اس سے میں مزید مضبوط ہوا ہوں، ہم قانونی اور آئینی طریقے سے پرامن لانگ مارچ کررہے تھے لیکن دشمن نے بزدلوں والا کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر مجھے ڈاکٹرز جانے دیں تو میں فوری اسی مقام پر پہنچ جائوں اور لانگ مارچ کو آگے بڑھائوں، میری کوشش ہے کہ ابھی عوام کے درمیان پہنچ جائوں۔