(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کا پیسہ لوٹنے والوں سے نہ مفاہمت ہو گی نہ این آر او دینگے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر مہذب معاشرہ چوروں کو جیل میں ڈالتا ہے ان سے مفاہمت نہیں کرتا، ملک اس لیے غریب ہوتے ہیں کہ بڑا چور آزاد اور چھوٹا جیل میں ہوتا ہے۔
میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے عوام کا پیسہ لوٹ کر باہر لے جانےوالوں سے مفاہمت نہیں کرینگے، جنہوں نے اقتدار میں آکر پیسہ چوری کیا ان سے نہ مفاہمت ہوگی اور نہ ہی انہیں این آر او دیں گے۔
وزیراعظم عمران کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے امریکہ میں تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی، عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ ہوا تو بدقسمتی سے پاکستان میں بھی قیمتیں بڑھیں، اس وقت ہمیں بھی اور دنیا کو بھی مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہےان کا کہنا ہے کہ 50 ہزار روپے سے کم آمدنی والوں کو راشن پر 30 فیصد رعایت دیں گے، کامیاب پاکستان پروگرام میں 20 لاکھ خاندانوں کو بغیر سود قرض دیں گے جبکہ پروگرام میں گھر بنانے کے لیے بغیر سود قرض ملے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی صرف ملک کا نہیں دنیا بھر کا مسئلہ ہے، اس وقت دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے، دنیا میں مہنگائی اس لیے ہوئی کہ کورونا وباء آئی، کورونا کی وجہ سے کاروبار بند ہوا جس سے مہنگائی ہوئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ہیلتھ انشورنس کارڈ مارچ تک پنجاب کے تمام خاندانوں کو ملے گا، پنجاب میں ہر خاندان کے پاس 10 لاکھ روپے تک ہیلتھ انشورنس ہوگی،انہوں نے کہا کہ غریب لوگوں کو سب سے بڑا مسئلہ علاج کا ہوتا ہے، سب سے زیادہ پیسا طلباء کے اسکالرشپس پر خرچ کررہے ہیں، وعدہ کیا تھا کہ پاکستان وہ ملک بنے گا جو کسی کے سامنے نہیں جھکے گا، آپ دیکھیں گے کہ ایک آزاد ملک اپنے پیر پر کھڑا ہوگا اور فیصلے کرے گا۔