دوحہ (پاک ترک نیوز)
فیفا فٹ بال ورلڈ کپ 2022 جیتنے والی ٹیم ارجنٹینا نے اپنی فٹ بال فیڈریشن کے لیے چار کروڑ 20 لاکھ ڈالر کمالئے ہیں۔جبکہ عالمی فٹبال کپ کے آخری مرحلے میں حصہ لینے والی ہر ٹیم کی فیڈریشن کو کم ازکم 90لاکھ ڈالر ملے ہیں۔
فیفا کے بیان کے مطابق فالمی فٹبال کپ کی تاریخ کے سب سے بڑے مقابلے میں ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان کھیلے جانے والے فائنل میں ہارنے والی ٹیم کی فیڈریشن کو فیفا کے 44 کروڑ ڈالر کے انعامی فنڈ میں سے تین کروڑ ڈالر ملےہیں۔
فرانس نے جب سنہ 2018 کا ورلڈ کپ جیتا تھا تو اس کی فٹ بال فیڈریشن کو فیفا کے 40 کروڑ ڈالر کے انعامی فنڈ سے تین کروڑ 80 لاکھ ڈالر ملے تھے۔
یہ ساری انعامی رقم کھلاڑیوں میں تقسیم نہیں ہوتی بلکہ انہیں اس کا ایک اچھا حصہ ملنے کی امید ہوتی ہے۔
یورپی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کیلین ایمباپے جیسے فرانس کے کھلاڑی اس فہرست میں شامل ہیں جنہیںفیڈریشن کی طرف سے پانچ لاکھ 86 ہزار ڈالر کا بونس دیا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں تیسرے نمبر پر آنے والے کروشیا کو انعامی رقم کی مد میں دو کروڑ 70 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ جبکہ چوتھے نمبر پر رہنے والی مراکش کی ٹیم کو دو کروڑ 50 لاکھ ڈالر ملیں گے۔اسی طرح رواں برس ورلڈ کپ کھیلنے والی ہر ٹیم کی فیڈریشن کو کم از کم 90 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم ملے گی اور ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے اخراجات کی مد میں 15 لاکھ ڈالر علیحدہ سے ملیں گے۔
فیفا کا گزشتہ چار برسوں سے ٹوٹل ریونیو سات ارب 50 کروڑ ڈالر رہا ہے، جس میں زیادہ بڑا حصہ براڈکاسٹ اور سپانسر شپ ڈیلز کا ہے۔