دوحہ (پاک ترک نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2022 قطر کے فائنل رائونڈ کی ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہو گی ۔20 نومبر سے شروع ہونے والے ٹورنامنٹ میں بتیس ٹیمیں حصہ لیں گی، فائنل 18 دسمبر کو ہوگا۔
منتظمین کے مطابق ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز دوپہر سے ہو گا اور تمام ٹکٹوں کی فروخت کھلی رہے گی۔
فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے پہلے کہا تھا کہ اس سال ہونے والی فروخت کے تین راؤنڈز میں ٹورنامنٹ کے 2.4 ملین سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔5 جولائی سے 16 اگست کے درمیان آخری فروخت کے دورانیے میں 520,532 ٹکٹس فروخت کیے گئے۔ٹکٹ خریدنے والے ممالک میں قطر، ارجنٹائن، برازیل، انگلینڈ، فرانس، جرمنی، میکسیکو، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ریاستہائے متحدہ امریکہ شامل ہیں۔
اس حوالے سے فیفا کا کہنا ہے کہ آخری رائونڈ سمیت کل 3,010,679 ٹکٹیں دستیاب ہوں گی۔
فیفا نے کہا کہ ٹکٹوں کی فروخت کے لیے مقبول ترین گیمز میں کیمرون اور سربیا کے خلاف برازیل کے گروپ فیز مقابلے، یوراگوئے کے ساتھ پرتگال کی میٹنگ، جرمنی کے ساتھ کوسٹا ریکا کا ٹاکرا اور ڈنمارک کے خلاف آسٹریلیا شامل ہیں۔