قازقستان :پرتشدد مظاہروں میں 12پولیس اہلکاروں سمیت متعدد ہلاک

نور سلطان (پاک ترک نیوز) قازقستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد جاری احتجاج میں شدت آ گئی ۔ پرتشدد مظاہروں کے دوران 12پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد ہلاک ہو گئے۔
الماتی مین اسکوائر پر فورسز اور سیکڑوں مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں 12 پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔ مظاہرین نے الماتی کے ہوائی اڈے پر قبضہ کر لیا تھا جبکہ مظاہرین نے پولیس کے کئی دفاتر پر بھی دھاوا بولا جسے ناکام بنا دیا گیا۔
حکومت کو برطرف کیے جانے اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیے جانے کے باوجود مظاہرین سڑکوں سے جانے کو تیار نہیں ہیں۔ 2019 میں صدر ناذربیاف کے استعفے سے سبق سیکھتے ہوئے مظاہرین کا ماننا ہے کہ حکومت میں تبدیلی ہمیشہ مطلوبہ نتائج نہیں لاتی۔
بی بی سی کے مطابق مظاہرین کی جانب سے اپنے پانچ بڑے مطالبات پیش کیے گئے ہیں، پہلا حکومت میں حقیقی تبدیلی، مقامی گورنرز کا براہ راست انتخاب کے ذریعے چناؤ، 1993 کے آئین کی بحالی جو صدر کے اختیارات اور مدت اقتدار کو کا تعین اور محدود کرتا ہے، سماجی کارکنوں اور مظاہرین کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہیں کی جائے گی اور موجود حکومت کے رشتہ داروں کے علاوہ عوامی نمائندوں کو اہم سرکاری عہدوں پر تعینات کیا جائے۔

#kazakhstan#nursultan#oilprice#PakTurkNews#protest