قطر فٹ بال ورلڈکپ کے 12لاکھ سے زیادہ ٹکٹ فروخت

 

دوحہ (پاک ترک نیوز)

قطر 2022 فٹ بال ورلڈ کپ کے اب تک 12لاکھ سے زیادہ ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ٹکٹوں کی فروخت کا تازہ ترین مرحلہ دوکروڑ 35لاکھ سے زیادہ ٹکٹوں کی درخواستوں کی عمومی قرعہ اندازی کے ذریعے اپریل کے آخر میں مکمل ہوا تھا۔

فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کے مطابق سب سے زیادہ ٹکٹوں کی درخواستیں ارجنٹینا، برازیل، انگلینڈ، فرانس، میکسیکو، قطر، سعودی عرب اور امریکہ سے موصول ہوئی تھیں۔جب کہ نومبر اور دسمبر میںمنعقد ہونے والے 28 روزہ ٹورنامنٹ کے دوران کل 20 لاکھ ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔ورلڈ کپ کے ٹکٹ خریدنے کا اگلا موقع پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ہو گا، لیکن ابھی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ کوالیفکیشن میچز اب اختتام پذیر ہو چکے ہیں اور ٹورنامنٹ کے لیے تمام 32 دستیاب سلاٹس کو محفوظ کر لیا گیا ہے۔قطر ورلڈ کپ کے دوران 20لاکھ سے زائد غیر ملکی مہمانوں کی میزبانی کرنے کی امید رکھتا ہے، جو اس کی آبادی کا تقریباً نصف ہے۔

عالمی فٹ بال کپ کے قطری منتظمین کا کہنا ہے کہ شائقین کے لئے فٹ بال کے مقابلوں سے لطف اندوز ہونے اور اخراجات کو بڑھنے سے روکنے کے لئے مقامی کاروباری برادری کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے تاکہ وہ منافع بھی کمائیں مگر ، ٹورنامنٹ کو سستا اور شائقین کے لیے قابل رسائی ہونا چاہیے۔

قطر ٹورازم کے تازہ ترین اندازوں کے مطابق خلیجی عرب ریاست میں رہائش کی قیمت اور دستیابی مرکزی تشویش رہی ہے، جس میں 30,000 سے کم ہوٹل کے کمرے ہیں۔ منتظمین نے بتایا کہ فی الحال ان میں سے 80فیصدکمرے فیفا کے مہمانوں کے لیے مختص ہیں۔

تاہم دستیابی کے لحاظ سے اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مختلف کیٹیگریز پر مختلف ریٹ فراہم کئے جائیں۔جس میں 80 ڈالر سے لے کر100 ڈالرفی رات کے ہوٹلوں سمیت مہنگے فائیو اسٹار ہوٹل بھی دستیاب ہوں گے۔

قطر ٹورازم کے مطابقفٹ بال کے عالمی کپ کی مناسبت سے ملک میں غیر ہوٹل رہائش کو فروغ دیا جا رہاہے جس سے ولا اور اپارٹمنٹس میں 65,000 کمرے شائقین کے لیے بکنگ کے لیے دستیاب ہیں اور دو کروز بحری جہازوں میں تقریباً 4,000 کمرے دوحہ کی بندرگاہ پر موجود ہیں۔جبکہ صحرا میں تقریباً 1,000 "بدو طرز” کے لگژری خیمے لگانے کا بھی منصوبہ بنا یا جارہا ہے۔

#DOHA#fifa#fifafootballworldcup#PakTurkNews#ticketsQatar