اسلام آباد(پاک ترک نیوز )وزیر اعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقررکر دیا ہے۔ نوٹی فکیشن کے مطابق وہ 20 نومبر 2021 سے اس عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم اس عہدے پر تعیناتی سے قبل کراچی کے کور کمانڈر کی حیثیت سے ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے۔
لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ لیں گے جو تقریبا ڈھائی سال تک اس عہدے پر فائز رہے اور اب انھیں پشاور میں 11ویں کور کا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے تاہم وہ 19 نومبر تک بطور ڈی جی آئی ایس آئی اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔
پاکستان فوج کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو آئی ایس آئی کا نیا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان چھ اکتوبر کو سامنے آیا تھا لیکن اس تقرری کا نوٹی فکیشن تین ہفتے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس دوران پاکستان میں آئی ایس آئی کے سربراہ کی تقرری کا معاملہ خبروں اور تبصروں کا بڑا موضوع رہا اور یہ بحث بھی جاری رہی کہ اس عہدے پر تقرری کس کا استحقاق ہے۔
وزیراعظم پاکستان کے دفتر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آئی ایس آئی کے سربراہ کی تقرری کے معاملے پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق آئی ایس آئی کے سربراہ کی تقرری کے لیے وزارتِ دفاع سے جو فہرست وزیراعظم کو بھیجی گئی تھی ۔اس میں شامل تمام افراد کا وزیراعظم نے انٹرویو کیا اور پھر حتمی مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کا نام نئے سربراہ کے طور پر چنا گیاہے ۔