ریاض(پاک ترک نیوز)امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی لیوسڈ نے سعودی عرب میں الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے کے لئے وزارت سرمایہ کاری اور سعودی صنعتی ترقیاتی فنڈ کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کئے ہیں۔ جس کےتحت امریکی کمپنی کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں ایک مکمل پیداواری یونٹ قائم کرے گا۔
گذشتہ روز طے پانے والےان معاہدوں سے توقع ہے کہ پائیدار توانائی اور نقل و حمل کی ترقی کے ذریعے اپنی معیشت کو تبدیل کرنے اور متنوع بنانے کے سعودی عرب کے اسٹریٹجک ہدف میں تیزی آئے گی۔ کیونکہ لیوسڈ مارکیٹ میں طویل ترین رینج اور تیز ترین چارجنگ کی حامل الیکٹرک کار بنا کراس شعبہ میں نئے معیارات قائم کر رہا ہے۔جبکہ لوسیڈ کا اندازہ ہے کہ سعودی عرب میں اس کے پہلے بین الاقوامی مینوفیکچرنگ پلانٹ کے قیام کے نتیجے میں کمپنی کو 15 سالوں میں 3.4 ارب ڈالر تک کی اثاثہ جاتی برتری مل سکتی ہے، اور ساتھ ہی پلانٹ لیوسڈ کو اپنی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کرنے کے قابل بنائے گا۔
لیوسڈ کے سی ای او اور سی ٹی اوپیٹر راولنسن نے کہا ہے کہ ہم جہاں بھی جائیں تبدیلی کے لیے ایک محرک بننے کی خواہش رکھتے ہیں۔ اس لیے یہ بات بالکل سمجھ میں آتی ہے کہ ہم دنیا کے سب سے بڑے تیل پیدا کرنے والےملک میں الیکٹرک گاڑیاں لا رہے ہیں۔ عالمی مینوفیکچرنگ فٹ پرنٹ کا قیام ایک عملی و فطری قدم ہے اور ہمیں اپنے برانڈ کو بڑھانےاور اپنے کاروبار کو پیمانہ بنانے اور پوری دنیا میں غیر استعمال شدہ مارکیٹ کی طلب کو مکمل طور پر نئی سطح پر پورا کرنے کے قابل بناتا ہے۔ جبکہ ہماری مصنوعات متاثر کن اور پائیدار ذرائع نقل و حمل کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں بھی مددگار ثابت ہورہی ہیں۔