لیڈی ڈیانا کا اہم خطاب مڈلٹن کے نام

لندن (پاک ترک نیوز) ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال کے بعد لیڈی ڈیانا کا اہم خطاب کیٹ میڈلٹن کے نام ہو گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے بعد بادشاہ بننے والے کنگ چارلس نے اپنی اہلیہ ’’لیڈی ڈیانا‘‘ کا دیا جانے والا پرنسس آف ویلز کا خطاب اپنی بہو کیٹ میڈلٹن کو دے دیا ہے اور اب 25 سال کے طویل عرصے کے بعد وہ پرنسس آف ویلز کہلائیں گی۔
برطانیہ کی تاریخ میں اس سے قبل پرنسس آف ویلز کا خطاب صرف لیڈی ڈیانا کو دیا گیا تھا جو اپنی سماجی خدمات کے باعث دنیا بھر میں مقبول تھیں۔
کنگ چارلس نے صرف بہو ہی نہیں بلکہ اپنے بڑے بیٹے اور کیٹ کے شوہر شہزادہ ولیم کو پرنس آف ویلز کا خطاب بھی دیا ہے جو ان کے پاس 1958 سے تھا تاہم ملکہ کی موت کے بعد بادشاہ بننے پر انہوں نے یہ اعزاز اپنے بڑے بیٹے کے نام کردیا۔
کیٹ مڈلٹن ہر دلعزیز شہزادی ڈیانا کے بعد پرنسس آف ویلز کا خطاب حاصل کرنے والی پہلی شاہی شخصیت ہیں۔ انہوں نے شہزادہ ولیم سے شادی کے بعد نہ صرف بڑی کامیابی سے شاہی خاندان میں ڈچس آف کیمبرج کے طور پر اپنی شناخت بنائی بلکہ اس کردار کو بھی بڑی خوی سے نبھایا۔
یہاں بھی کیٹ میڈلٹن نے اپنی آنجہانی ساس کی روایات کو تازہ کیا اور شاہی خاندان سے نہ ہونے کے باوجود شاہی خاندان میں اپنی انفرادی شخصیت کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہیں۔

یاد رہے کہ چارلس جنہیں 1958 میں پرنس آف ویلز کا خطاب دیا گیا تھا، انہوں نے یہ خطاب اپنے بڑے بیٹے ولیم کو سونپ دیا ہے، شہزادہ ولیم ، بادشاہ کے وارث ہوں گے، ان کے پاس ڈیوک آف کیمبرج کا اعزاز تھا، اور اب انہیں پرنس آف ویلز اور کارن وال کا ٹائٹل دیا گیا جو گزشتہ پانچ دہائیوں سے کنگ چارلس کے پاس تھا۔
جس کے ساتھ ہی شہزادہ ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن بھی ڈچز آف کیمبرج سے ، پرنسس آف ویلز اور کارن وال کا شاہی اعزاز پا چکی ہیں، پرنسس آف ویلز کا خطاب 1981 میں کنگ چارلس سے شادی کے بعد لیڈی ڈیانا کو دیا گیا تھا ،جس کے بعد یہ خطاب ان کی دوسری اہلیہ کمیلا کو بھی دیا گیا لیکن انہوں نے ڈیانا کے احترام میں ڈچز آف کارن وال کا ٹائٹل اپنے پاس رکھا۔

 

 

#Catherin#DuchessofCornwallandCambridge#Diana#KateMiddleton#ladydiana#PakTurkNews#PrincessofWales#queenalizbethLondon