استنبول(پاک تر ک نیوز) مدارس کا مذاق اڑانے پر ترکیہ کی معروف گلوکارہ گلشن کولاکوگلو کو پولیس نے گرفتار کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ کی میڈونا کہلائے جانے والی مقبول گلوکارہ گلشن کولاکوگلو کو مدارس کا مذاق اُڑانے پر پولیس نے گرفتار کر لیا۔
ترکیہ کی معروف گلوکارہ گلشن کولاکوگلو نے اپنے بینڈ میں شامل ایک رکن کے بارے میں کہا تھا کہ ان کی نامناسب سوچ اس وجہ سے ہے کہ وہ ایک مدرسے سے پڑھے ہیں۔
46 سالہ گلوکارہ نے یہ تبصرہ رواں برس اپریل میں کیا تھا لیکن اس کی ویڈیو اب وائرل ہوئی ہے جس پر انھیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ گلوکارہ گلشن نے سوشل میڈیا پر معافی بھی مانگتے ہوئے کہا کہ ان کے الفاظ کو کچھ لوگ اپنے مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
گلوکارہ کی جانب سے معافی مانگنے کے باوجود عوامی دباؤ کم نہ ہوا جس کے باعث پولیس متحرک ہوئی اور گلوکارہ کو حراست میں لے لیا۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں اور گلشن کولاکوگلو کے حامیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ صدر طیب اردوان آئندہ برس ہونے والے انتخابات سے قبل قدامت پسندوں کی مزید حمایت حاصل کرنے کے لیے یہ حربے استعمال کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گلوکارہ گلشن کولاکوگلو کو اس سے قبل اپنے نامناسب لباس اور ہم جنس پرستوں کے حقوق کی حمایت پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔