مریم نواز اور کیپٹن صفدر ایون فیلڈریفرنس میں بری

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر بری کردیا ۔عدالت نے محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔
تفصیلات کےمطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف مریم نواز اور کپیٹن (ر) صفدر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کررکھی ہیں جس پر آج سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کیا۔
سماعت کے دوران مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر وکلا کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے متعدد سوالات پوچھ رکھے تھے جس پر نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے اپنے دلائل دیے تاہم وہ عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ان ثبوتوں پر سول عدالت دعویٰ ڈگری نہیں کرتی سزا کیسے ہوسکتی ہے؟ مریم نواز تو پبلک آفس ہولڈر نہیں تھیں ان پر اثاثوں کا کیس نہیں بنتا، یہ کوئی الگ ٹیکس کا کیس تو ہو سکتا ہے آمدن سے زائد اثاثوں کا نہیں، نیب ایون فیلڈ کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ اور نیب کے تفتیشی افسر کے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ آج ہی سنایا جائے گا۔

 

#captionsafdar#evenfieldreference#islamabad#islamabadhigcourt#maryamnawaz#PakTurkNews#pmln