مشکل وقت میں سوائے ترکی کے کسی نے ہمارا ساتھ نہ دیا، نائب وزیراعظم لیبیا

لیبیا کے نائب وزیر اعظم احمد میطیق نے کہا کہ مشکل وقت میں سوائے ترکی کے کسی ملک نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ لیبیا کی عوام اور حکومت ترکی کے شکر گزار ہیں۔
روم میں "میڈیٹرینین ڈائیلاگ فورم” سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں جب داعش نے لیبیا میں حملے شروع کئے تو کئی ممالک نے مدد کی لیکن حالات اس وقت خراب ہوئے جب 2019 میں باغی ملیشیا خلیفہ ہفتار کے جنگجووں نے دارالحکومت تریپولی پر حملہ کیا۔
لیبیا نے اپنے دوستوں کو مدد کے لئے پکارا لیکن ترکی واحد ملک تھا جس نے ہماری آواز پر لبیک کہا اور عالمی سطح پر لیبیا کی قانونی حکومت کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس حمایت پر لیبیا کے عوام اور حکومت ترکی کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے زیر نگرانی 24 دسمبر 2021 کو لیبیا میں عام انتخابات کروانے کی تاریخ طے کی گئی ہے۔ ابھی لیبیا کے عوام نے یہ طے کرنا ہے کہ صدر کے انتخاب کا طریقہ کار کیا ہو گا؟
انہوں نے بتایا کہ ستمبر میں باغی ملیشیا کے سربراہ خلیفہ ہفتار سے ملاقات ہوئی اور ان سے ملک کی معیشت اور تیل کی بند برآمدات کو روکنے کے حوالے سے مفید بات چیت ہوئی ہے۔