اسلام آباد (پاک ترک نیوز) ملک میں مہنگائی کی شرح میں 0.82فیصد کا مزید اضافہ ہو ا ہے جس کے بعد مہنگائی ملکی تاریخ میں پہلی بار 38.63فیصد پر پہنچ گئی ہے ۔
تفصیلات کےمطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد وشمار جاری کردیے ہیں جس میں ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں 0.82 فیصد مزید اضافہ ظاہر کیا گیا ہے جس سے ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 38.63 فیصد ہو گئی جو کہ بلند ترین سطح ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 33 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ صرف 4 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہوئیں ۔ 14 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اس میں آٹا، چاول، چینی، گھی، دالیں، انڈے، سبزیاں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 روپے 58 پیسے مہنگا ہوا۔ اسی طرح دال مونگ 11 روپے 12 پیسے فی کلو، دال ماش 17 روپے 69 پیسے، دال مسور13 روپے 84 پیسے اور دال چنا 6 روپے 9 پیسے فی کلو اضافہ ہوا جب کہ انڈے 4 روپے 77 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے۔
ایک ہفتے کے دوران پیاز کی قیمت میں فی کلو 18 روپے 79 پیسے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹماٹر 8 روپے 84 پیسے، لہسن 4 روپے 24 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق جن اشیا کی قیمتوں میں اس ہفتے کمی ہوئی اس میں چکن 13 روپے 66 پیسے فی کلو سستا ہوا، کیلے کی قیمت میں 3 روپے 54 پیسے فی درجن کمی ہوئی۔