اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آج وہ لوگ مسلط کیے گئے ہیں جن پر اربوں روپے کرپشن کے کیسز چل رہے ہیں، ان لوگوں نے 30 سال کے دوران صرف منی لانڈرنگ کی ہے، دنیا بھر میں آصف علی زرداری کو مسٹرٹین پرسنٹ کہا گیا، نواز شریف کی کرپشن پر فلمیں بنی ہوئی ہیں، ان کا صرف ایک مقصد تھا کسی طرح این آر او مل جائے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ہماری حکومت میں ملکی معیشت بہتری کی طرف جا رہی تھی، موجودہ حکومت نے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ایک ویڈیو بنا کرمحفوظ جگہ پر رکھی ہوئی ہے، اگر مجھے کچھ ہوگیا تو ویڈیو میں سب سامنے آجائے گا، قوم کو بتائیں گے کہ ذمہ دار کون ہے؟
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جاری کردہ ویڈیو بیان میں کہا کہ پاکستان میں 5 جولائی کو مارشل لا لگا کر ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت ختم کی گئی، امریکہ ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت سے خوش نہیں تھا، امریکہ خوش نہیں تھا کہ پاکستان ایک آزاد خارجہ پالیسی بنائے، ذوالفقارعلی بھٹو بھی پاکستان کو آزاد خارجہ پالیسی کی طرف لے جا رہےتھے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری حکومت میں معیشت بہتری کی طرف جارہی تھی، ہمارے دور میں ٹیکس کلیکشن میں ریکارڈ اضافہ ہورہا تھا، کورونا کے دوران پاکستان میں سب سے زیادہ روزگار فراہم کیا گیا، آج اس حکومت نے مہنگائی کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں، ان لوگوں نے ہماری حکومت گرانے کے لیے این آر او حاصل کیا، ہمارے دور میں آئی ٹی کے شعبے میں ریکارڈ ترقی ہوئی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں نے کبھی پاکستان میں اس طرح کا فاشزم نہیں دیکھا، آج سوشل میڈیا کا دور ہے کوئی بھی خبر نہیں روکی جا سکتی، یہ لوگ ملک کو انارکی کی طرف لے کے جا رہے ہیں، یہ بتائیں سوشل میڈیا کا منہ کیسے بند کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ لاہور لبرٹی چوک پر لوگوں پر شیلنگ کی گئی،مجھے سب پتہ ہے کس نے کیا کیا؟
چیئرمین پی ٹی آئی نے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کا فیصلہ کیوں جلدی نہیں ہوا؟ کیا حمزہ شہباز وزیراعلیٰ بننے کے اہل ہیں؟ سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں 15 فیصد امیدواروں نے ڈر کی وجہ سے حصہ نہیں لیا، 30 سال سے پیپلزپارٹی اور ن لیگ اقتدار میں ہیں، پاکستان کو نقصان پہنچانے میں دونوں جماعتوں کا ہاتھ ہے، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی وجہ سے آج بنگلہ دیش ہم سے آگے نکل گیا۔
عمران خان نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ مریم نواز نے کہاکہ لندن تو کیا پاکستان میں میری کوئی جائیداد نہیں، لندن کے سب سے مہنگے علاقے میں چار چار فلیٹ مریم کے نام پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا نظریہ پیسہ ہے، سازش کرنے والوں کو عوام قبول نہیں کریں گے، ان لوگوں کو موقع ملے تو اسرائیل کو بھی تسلیم کر لیں، یہ کشمیریوں کی قربانیوں کو نظراندازکر کے بھارت سےدوستی کرلیں گے ، یہ امریکہ کواڈے بھی دیں گے اورکسی نئی امریکی جنگ میں پڑجائیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں دھاندلی کے باوجود حکومت کو شکست دینی ہے، آصف زرداری آج ملک میں ایسے گھوم رہا ہے جس طرح بادشاہ ہو، شہبازشریف اور حمزہ پر 16 ارب روپے کرپشن کے کیسز ہیں وہ آزاد گھوم رہے ہیں۔