لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ ان کی اپنی بیوی کیساتھ ذاتی ویڈیوز نامعلوم نمبر سے بیٹی کو بھیجی گئیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینٹیر اعظم سواتی پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ کے ساتھ میری ذاتی ویڈیوز نامعلوم نمبر سے میری بیٹی کو بھیجی گئیں۔ بیٹی نے کہا کہ جب آپ کوئٹہ گئے تھے یہ اس کی ویڈیو ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ درندے و کالی بھیڑیں جو اس کام پر مامور ہیں کہ اگر کسی شخص کی کوئی کرپشن یا غیر اخلاقی چیز نہیں مل رہی تو اس کی بیوی کے ساتھ ویڈیو نکال لو۔
اعظم سواتی نے پوچھا کہ ایک بیٹی جب اپنے باپ کو کہے کہ یہ ویڈیو آپ کی اور مما کی ہے تو سوچیں اس باپ پر کیا گزرے گی، صادق سنجرانی تم نے سپریم کورٹ کے جوڈیشل لاجز میں میرے قیام کا انتظام کیا تھا اور مجھ سے کہا تھا کہ چونکہ سپریم کورٹ کا کوئی جج اس وقت کوئٹہ میں موجود نہیں تو آپ لاجز میں رہ سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی سینیٹر کا کہنا تھا کہ میرا کیا قصور ہے جو ویڈیو سامنے لائی گئی، خاوند و بیوی کا تقدس پامال کیا گیا، سپریم کورٹ سے اپیل کرتا ہوں کب انصاف ملے گا۔
اعظم سواتی نے مزید کہا کہ خود کشی نہیں کرسکتا لیکن اس ملک میں رہ کر ظلم کا مقابلہ کروں گا۔