انقرہ (پاک ترک نیوز) ترکی کی وزارت خزانہ و مالیات کے مطابق گذشتہ ماہ کے دوران وفاقی بجٹ کے توازن میں 32 ارب لیرا(2.1ارب امریکی ڈالر) اضافی رہے ہیں ۔
وزارت خزانہ کی جانب سے بدھ کے روزجاری کئے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال نومبر کے مقابلے میں گذشتہ برس کے اسی مہینے میں بجٹ کے توازن میں 13.4ارب لیرا (99کروڑ 20لاکھ امریکی ڈالر)کا سرپلس تھا ۔
اسی طرح گذشتہ برس کے مقابلے میں رواں سال نومبر میں حکومتی آمدن میں 52.9فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 167.8ارب لیرا پر پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے مقابلے میں ملک کے بجٹ اخراجات 40.9فیصد اضافے کے ساتھ137ارب لیرا پر آگئے ہیں۔
مزید براں قرضوں پر سودکی ادائیگیاں نکال کر بجٹ کا توازن47.3ارب لیرا رہا جو گذشتہ سال 22.9ارب لیرا تھا۔ادھر 50فیصد اضافے کے ساتھ ٹیکسوں سے آمدن 149 ارب لیرا رہی جبکہ 15.3ارب لیرا کی سود کی مد میں ادائیگیاں اسکے علاوہ ہیں۔
چنانچہ رواں سال جنوری۔نومبر کے عرصہ میں بجٹ کی آمدن 36.5فیصد اضافے کے ساتھ1.2کھرب لیرا رہی اور اس کے مقابلے میں مجموعی بجٹ اخراجات 24فیصداضافے کے ساتھ 1.3کھرب لیرا پر پہنچ گئے ہیں جس کے نتیجے میں بجٹ کا مجموعی خسارہ 46.5ارب لیرا پر پہنچ گیا ہے۔