صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر عارف علوی کا کہنا ہے تھا کہ پاکستان آذربائیجان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پاکستان آزربائیجان تعلقات مشترکہ عقیدے ، تاریخی اور ثقافتی روابط پر مبنی ہیں۔ پاکستان آذربائیجان کی علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم بڑھانے اور ثقافتی وتجارتی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ امید ہے کہ اسلام آباد میں پاک – آذربائیجان -ترکی سہ فریقی مذاکرات سے سہ رخی تعلقات اور برادر ممالک کے مابین تعاون کو فروغ حاصل ہو گا۔
صدر مملکت نے کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے ممبر کی حیثیت سے آزربائیجان کے کردار کو سراہا۔ ناگورنو کاراباخ کی آزادی پر حکومت اور آزربائیجان کے عوام کو مبارکباد پیش کی ۔آذر بائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارتی اور ثقافتی تعاون میں اضافے کی صلاحیت موجود ہے۔ آزربائیجان مسئلہ کشمیر پر تمام بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
آزری وزیرِ خارجہ نے نگورنو کاراباخ پر آزربائیجان کے موقف کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ اداکیا۔