نیٹو کا اجلاس:یوکرین کیلئے مزید امداد کا اعلان

برسلز(پاک ترک نیوز)
بیلجیئم کے شہر برسلز میں نیٹو کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نیٹوایک خطرناک سٹریٹجک حقیقت سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار کرنےکا عمل تیز کردے گا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ یوکرین پر روس کے حملے نے یورپ میں امن کو تہس نہس کردیاہے جس سے انسانی بحران اور تباہی نے جنم لیا۔مشترکہ اعلامیہ میں یوکرین میں روسی حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔
اعلامیہ میں کہاگیا کہ ہم پیوٹن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس جنگ کو فوری طور پر روکیں اور یوکرین سے فوجی دستے واپس بلائیں،اور بیلاروس سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منظور کی گئی یوکرین کے خلاف جارحیت کی قرارداد کے مطابق اپنی مداخلت ختم کرے۔
جنسی تشدد اور انسانی سمگلنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے پر گہری تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے روس سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ عام شہریوں کیلئے محفوظ راستہ دیں اور ماریوپول اور دیگر محصور شہروں تک پہنچانے کی اجازت دے۔
اعلامیہ میں چین کا ذکر:
بیان میں چین سمیت تمام ریاستوں سے یہ بھی کہا گیا کہ وہ روس کی جنگی کوششون کی کسی بھی طرح حمایت سے گریز کریں اور کوئی بھی ایسا اقدام نہ کریں جس سے روس کو پابندیوں سے بچنے میں مدد ملے۔
یہ بھی کہا گیا کہ نیٹو کو چینی حکام کے حالیہ عوامی تبصروں پر تشویش ہےاس کے علاوہ بیجنگ سے تنازع کے پر امن حل کو فروغ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
اعلامیہ میں ایک مرتبہ پھر نیٹو کی اوپن ڈور پالیسی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیاگیا۔یاد رہے کہ پیوٹن کی یوکرین کے خلاف جنگ کا ایک جواز یہ بھی ہے کہ نیٹو یوکرین کو اتحاد میں شامل کرکے روس کی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

#brussels#nato_warns_china#natosummit#PakTurkNews#putin_condemned_by_nato#ukrainewarrussia