سٹاک ہوم(پاک ترک نیوز)
سویڈن اپنے سفارت کاروں کا ایک وفد ترکی بھیجے گا تاکہ اسکینڈینیوین ملک کی جانب سے نیٹو کی رکنیت کے لیے درخواست دینے کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
سویڈن کی وزیر خارجہ این لنڈے نے اتوار کے روز تصدیق کی کہ وفد ترکی کا دورہ کرے گا اور کہا کہ اسے بہت جلد انقرہ بھیجا جائے گا تاکہ حکمران سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے نیٹو میں شمولیت کے حق میں فیصلے کا جائزہ لیا جا سکے۔
نیٹو کی رکنیت کے لیے سویڈن کی درخواست پرروس کے ردعمل کا جائزہ لیتے ہوئے، لنڈے نے کہا کہ روس نےہمارےہمسائے علاقےپر جنگ مسلط کی ہے اور اس نے غلط معلومات پھیلانے والی مہم چلائی ہے کہ سویڈن کے لوگ نازی ہیں۔انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اب ہم پر سائبر حملوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
اس ضمن میںہفتے کے روز سویڈن کی حکمران سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی انتظامیہ نے نیٹو کی رکنیت کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے کی پارلیمان میں دائیں بازو کی جماعتوں کی حمایت کے ساتھ، نیٹو کی رکنیت کے لیے سویڈن کی درخواست کو حتمی تصور کیا جا رہا ہے۔اس پر سویڈن کے وزیراعظم میگڈالینا اینڈرسن نے کہا ہے کہ یہ سویڈن کی سلامتی کے لیے بہترین فیصلہ ہوگا۔
دریں اثنا توقع ہے کہ سویڈن اور فن لینڈ بدھ تک باضابطہ طور پر نیٹو کی رکنیت کے لیے درخواستیں دے دیں گے۔