اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمرا ن خان کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیدیا ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کو سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع پر وزارت داخلہ کو سیکیورٹی کے فوری اور موثر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پرعمران خان کی سیکیورٹی امورکی نگرانی کرنے اور احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی جس کے بعد وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو لکھے گئے ہنگامی خط میں سابق وزیراعظم عمران خان کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم دیا۔
وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کر دیں۔ہنگامی مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان ملک بھر میں جہاں بھی جائیں ان کی سیکیورٹی کویقینی بنایا جائے۔عمران خان کی بنی گالہ رہائش گاہ پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگرضروری سیکیورٹی اقدامات کئے جائیں۔