وزیراعظم عمران خان روس کا دورہ مکمل کرنے کے بعد واپس وطن پہنچ گئے

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیر اعظم عمران خان روس کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ملاقت کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ دو طرفہ تعلقات کو مستقبل میں مزید وسعت دی جائے گی۔ پاکستان ایک مستحکم اور پرامن افغانستان کیلئے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔
وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا معاملہ بھی اٹھایا اور کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے علاقائی توازن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے گیس پائپ لائن پراجیکٹ کو ملکی معاشی ترقی کے لیے فلیگ شپ منصوبہ قراردیا۔وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم سمیت مختلف فورمز پر پاک روس تعاون اور ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے روس اور یوکرین کی صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے ،پاکستان کو یقین ہے کہ دونوں ممالک سفارتکاری سے تنازعے کو ختم کر سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی عالمی شدت پسندی اور اسلاموفوبیا کے رجحانات پر تشویش کا اظہار کیا اور بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔

@imrankhan#mascow#PakTurkNews#ukraineafghanistanrussia