اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم عمران خان کل دو روزہ دورے پر روس روانہ ہوں گے ۔کابینہ ارکان سمیت اعلی سطحی وفد بھی وزیراعظم کے ساتھ جائے گا۔اپنے دورہ کے دوران وزیراعظم روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے ۔
وزیراعظم عمران خان 23فروری کی شام ماسکو پہنچیں گے، جہاں روس کے نائب وزیر خارجہ وزیراعظم عمران خان کا استقبال کریں گے، جس کے بعد وزیراعظم کو ماسکو میں گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا۔
وزیراعظم 24فروری کو روسی صدر سے ملاقات کریں گے، جس میں پاک روس تعلقات پر تبادلہ خیال ہو گا جبکہ عمران خان دوسری جنگ عظیم میں ہلاک فوجیوں کی قبرپرپھول رکھیں گے۔پاکستان اور روس کے درمیان توانائی امور پر تعاون کے لیے بات چیت بھی کی جائے گی۔دورے کے دوران وزیراعظم سے روس کے نائب وزیراعظم کی ملاقات بھی ہو گی۔
عمران خان ماسکو میں اسلامی سینٹر کا بھی دورہ کریں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم سے روس کے مفتی اعظم کی ملاقات بھی شیڈول میں شامل ہے۔
دورہ روس کے دوران پاکستان انتہائی اہم معاملات میں بات چیت آگے بڑھائے گا کیونکہ پاکستان روس کے ساتھ کثیرالجہتی شراکت داری قائم کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے کے لیے پاکستان کےعزم کا اعادہ کریں گے، پاکستان کے لیے یہ منصوبہ انتہائی اہم ہے اوروزیراعظم اس کی جلد تکمیل کے لیے پُرعزم ہیں۔