اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین سے آذربائیجان کے سفیر خضر ہادوف نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول فلم، ڈرامہ، میوزک اور میڈیا کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی رشتہ قائم ہے۔فلم، ڈرامہ اور میوزک کے شعبوں میں پاکستان اور آذربائیجان ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ازبکستان کے ساتھ مل کر ظہیر الدین بابر پر ایک فلم تیار کی جا رہی ہے۔ہم آذربائیجان کے ساتھ بھی فلم اور ڈرامہ کی صنعت میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔پاکستانی ڈراموں کا ترجمہ کر کے آذربائیجان کے عوام کو پیش کیا جاسکتا ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لئے خوبصورت اور پرکشش ملک ہے، آذربائیجان کے عوام، فلم ساز اور ڈرامہ نگار پاکستان کے سیاحتی مقامات سے مستفید ہو سکتے ہیں۔پوری دنیا کو فیک نیوز کا چیلنج درپیش ہے، اس ضمن میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیا کے شعبوں میں تعاون بالخصوص پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی، وزارت اطلاعات کے ڈیجیٹل میڈیا ونگ اور آذربائیجان کی سرکاری نیوز ایجنسی کے درمیان خبروں اور معلومات کے تبادلہ سے فیک نیوز کا خاتمہ ممکن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت پاکستان نے ملکی معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف کورونا وباءکا مقابلہ کیا بلکہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار کرتے ہوئے ملکی معیشت کو بھی مستحکم بنایا۔آج پوری دنیا وزیراعظم عمران خان کے ان اقدامات کی معترف ہے۔
آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے حکومت پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو سراہا۔
خضر فرہادوف نے کہا کہ عالمی میڈیا نے بھی وزیراعظم عمران خان کے اقدامات اور سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کی مثالیں دنیا کے سامنے پیش کیں۔
آذربائیجان کے سفیر نے افغانستان کے بارے میں پر او آئی سی وزراءخارجہ کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں کو آپس میں منسلک کرنے کے لئے پاکستان اور آذربائیجان مل کر کام کرنے کیلئے پرامید ہیں۔