لاہور(پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کی قاتل ہے۔موجودہ وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کیا۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے مسلم لیگ ق سکاٹ لینڈ کے صدر شبیر شاہ نے ملاقات کی اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مونس الہی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا، افسوس کا مقام ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات فراموش نہیں کرسکتے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کی قاتل ہے، بیرون ملک بسنے والے آئندہ موجودہ وفاقی حکومت میں شامل کسی جماعت پر اعتبار نہیں کریں گے۔
وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ ہم بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کو وطن کے سفیر سمجھتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے جامع پالیسی لا رہے ہیں۔