ماسکو(پاک ترک نیوز) روس اور امریکہ کے صدور ولادیمیر پوٹن اور جو بائیڈن ہفتہ 12 فروری کو فون پر بات چیت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس بات کا انکشاف کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف اور امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے جمعہ کے روز کیا۔ انہوں نےصحافیوں کو بتایا کہ دونوں صدور کی ٹیلی فون پربات چیت کی تجویز امریکہ کی جانب سے آئی تھی جس پر روس کی جانب سے پیر جبکہ امریکہ کی جانب سے ہفتہ کا دن تجویز کیا گیا ۔جس پر اتفاق کر لیا گیا۔
تاہم وائٹ ہاوٗس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے کے آخر میں امریکی صدر کے سرکاری شیڈول میں صدر کے اپنے روسی ہم منصب سے فون پر بات چیت کاکوئی ذکر نہیں کیا گیا ہے۔
پوٹن اور بائیڈن کے درمیان آخری بار فون پر بات چیت گزشتہ سال کے آخر میں ہوئی تھی۔جب 7 دسمبر کو انہوں نے ویڈیو کانفرنس کی۔ جبکہ پوٹن اور بائیڈن کی بطور سربراہان مملکت پہلی ملاقات جون 2021 میں جنیوا میں ہوئی تھی۔