وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کوک کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

کیپ ٹاؤن (پاک ترک نیوز) جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر اور بلے باز کوئنٹن ڈی کوک نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے ٹوئٹر پر بلے باز کی ریٹائرمنٹ کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ڈی کوک کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ فوری طور پر مؤثر ہو گا۔
جنوبی افریقی بورڈ نے ڈی کوک کی ریٹائرمنٹ کی وجہ ان کی اہلخانہ کے ساتھ وقت گزارنا بتائی ہے اور کہا ہے کہ ڈی کوک اہلخانہ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا چاہتے ہیں۔کوئنٹن ڈی کوک نے کہا تھا کہ پہلی اولاد کی پیدائش متوقع ہے اور اب میں اپنے اہلخانہ کو وقت دینا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ 29 سالہ کرکٹر نے 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو سے ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز کیا تھا اور انہوں نے 54 ٹیسٹ میچز میں 38.82 کی اوسط سے 3300 رنز اسکور کیے، ٹیسٹ کیریئر میں کوئنٹن ڈی کوک نے 6 سنچریاں اور 22 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔
کوئنٹن ڈی کوک کا ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین اسکور 141 ناٹ آؤٹ ہے۔ کوئنٹن ڈی کوک نے وکٹ کے پیچھے 232 شکار کیے جن میں 221 کیچز اور 11 اسٹمپس شامل ہیں۔

 

#cricket#PakTurkNews#quintondekock#southafrica#testcricket