ٹرمپ کا ٹوئٹر اکائونٹ بحال ہونے کی صورت میں بھی استعمال نہ کرنے کا اعلان

واشنگٹن (پاک ترک نیوز) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر اکائونٹ بحال ہونے کی صورت میں بھی استعمال نہ کرنے کا اعلان کردیا ۔ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کا ٹوئٹر اکاونٹ بحال بھی کر دیا جائے تو بھی وہ ٹوئٹر جوائن نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ٹوئٹر پر واپس نہیں جارہا البتہ ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم سے منسلک رہوں گا۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ہفتے وہ ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم کو باضابطہ طور پر جوائن کرنے والے ہیں۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد سے ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹوئٹر پر واپسی سے متعلق سوشل میڈیا پر بازگشت جاری ہے۔ کہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سےٹرمپ کا اکاونٹ بحال کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور کہیں ٹوئٹر کی نئی پالیسی پر سوال بھی اٹھایا گیا۔
ٹوئٹر پر واپسی کے حوالے سے سابق امریکی صدر بھی بول پڑے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایلون مسک کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد اگر ان کا اکاؤنٹ بحال بھی کر دیا جاتا ہے تو بھی وہ واپس نہیں آئیں گے۔
ٹرمپ نے ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر خریدے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے امید ہے کہ ایلون ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد اس میں بہتری لائیں گے اور وہ ایک اچھے انسان ہیں مگر میں پھر بھی نئے نیٹ ورک پر موجود رہوں گا۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر اور ارب پتی ایلون مسک کے درمیان 44 ارب ڈالر میں فروخت کا معاہدہ طے پانے کے بعد ایلوں مسک ٹوئٹر کے واحد شیئر ہولڈر بن گئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹوئٹر نے ایلون مسک کی 54.20 ڈالر فی شیئر میں خریدنے کی پیشکش قبول کی ہے۔

#donaldtrump#elonmusk#PakTurkNews#sharestwitter