ٹویٹرغیرقانونی آن لائن مواد کی روک تھام کے ضمن میں سخت یورپی قوانین پر عمل جاری رکھے گا،ایلون مسک

برسلز (پاک ترک نیوز)
ایلون مسک نے یورپی کمیشن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کا ملکیتی سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹویٹرغیرقانونی آن لائن مواد کی روک تھام کے ضمن میں سخت یورپی قوانین کی تعمیل جاری رکھے گا ۔
یورپی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مسک نے یورپی یونین کے صنعتوں کے شعبہ کے سربراہ تھیری بریٹن کو بتایا تھا کہ وہ خطے کے ڈیجیٹل سروسز ایکٹ کی تعمیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔اس ایکٹ کے تحت غیرقانونی موادکوکنٹرول نہ کرنے والی کمپنیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جاسکتے ہیں۔
یورپی یونین کے عہدے داروں نےکہا ہے کہ خود ساختہ آزادیِ اظہار رائے کے مطلق العنان علمبردارایلون مسک نے آیندہ ہفتوں میں فرانس کے سابق وزیرخزانہ بریٹن کے ساتھ بالمشافہہ ملاقات پراتفاق کیا ہے۔
یہ تبادلہ خیال اس وقت ہوا ہے جب بریٹن نے ٹویٹرپر مسک کو جمعہ کے روز نئی یورپی قانون سازی کے بارے میں متنبہ کیا۔انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’’یورپ میں یہ پرندہ (ٹویٹر) یورپی یونین کے قوانین کے مطابق ہی پرواز کرے گا‘‘۔
الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا انکارپوریٹڈ کے کھرب پتی سی ای او ایلون مسک کی جانب سے یورپی یونین کو یقین دہانیاں ان کےعملی رویہ کی نشان دہی کرتی ہیں حالانکہ انھوں نے اس سے قبل اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ ٹویٹر کے پاس پوسٹ کیے جانے والے مواد پرکم قدغنیں ہوں گی۔

#barsils#electriccars#elonmusk#PakTurkNews#spacex#tesla#worldrichestmantwitter