آر اے شمشاد
کرکٹ کا حسن تو پانچ روزہ کرکٹ میں ہی ہے ، اسے اس کھیل میں خاص مقام حاصل ہے ۔ ویسے تو کرکٹ ریکارڈز کا ہی کھیل ہے تاہم کچھ ریکارڈز ایسے بھی ہوتے ہیں جن کی طرف کھلاڑی اکثر نظریں اٹھا کر ہی دیکھ سکتے ہیں ۔ ہم بات کر رہے ہیں ٹیسٹ کرکٹ کی ۔ٹیسٹ کرکٹ میں بہت سے کھلاڑی آئے اور اپنے نام کے سامنے کچھ ایسے ریکارڈز بنا کر چلے گئے جن تو اب کسی بھی کھلاڑی کیلئے توڑنا شاید خواب لگتا ہے کیونکہ کرکٹ میں فٹنس اور عمر کا بہت عمل دخل ہے ۔
کسی بھی کھلاڑی کیلئے ملکی کی نمائندگی کرنا اعزاز ہوتا ہے ۔ٹیسٹ کرکٹ میں کئی نامو ر کھلاڑی آئے جنہوں نے کرکٹ کی دنیا میں اپنا اور اپنے ملک کا نام روشن کیا کیلئے پانچ روزہ میچز میں کچھ سنگ میل عبور کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں لگتی ۔ اگر بات کی جائے بلے بازی کی تو اس شعبے میں بے شمار کھلاڑی کارہائے نمایاں انجام دے چکے ہیں ۔ہم بات کریں گے پانچ روزہ میچز میں سب سے زیادہ رنز کی تو اس فہرست میں سب سے پہلے جو نام آتا ہے وہ ہیں بھارت کے ماسٹر بلاسٹر بلے باز سچن ٹنڈولکر جنہوں نے 200پانچ روزہ میچوں میں سب سے زیادہ 15921رنز بنائے ہیں انہیں ا س کیلئے 24برس تک محنت کی ۔اسی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ جنہوں نے 17برس تک ملک کی نمائندگی کی اور 168ٹیسٹ میچزمیں 13378رنز بنائے ہیں ۔ تیسرے نمبر پر سائوتھ افریقہ کے جیک کیلس ہیں انہوں نے 18برسوں میں 166ٹیسٹ میچوں میں13289رنز بنائے ہیں ۔ اس کے بعد نمبر آتا ہے بھارت کے راہول ڈریوڈ کا جنہوں نے 1996سے لے کر 2012تک اپنے ملک کی جانب سے نمائندگی اور164میچز میں 13288رنز بنائے وہ جیک کیلس سے صرف ایک رنز کی کمی کے باعث چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔اس کے بعد باری آتی ہے سابق انگلش کپتان الیسٹر کک کی جنہوں نے 12برسوں میں161پانچ روزہ میچوںمیں 12472رنز بنائے ہیں۔ وہ سب سے زیادہ سکور کرنیوالے کھلاڑیوں میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں ۔ چھٹے نمبر پر سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا ہیں جنہوں نے 15برسوں میں 134میچز میں12400رنز بنائے ہیں۔ بات ٹیسٹ کرکٹ کی ہو اور ویسٹ انڈیز کے برائن لارا کا نام نہ آئے ایسے کیسے ہو سکتا ہے وہ انفرادی طور پر 400کرنیوالے دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں ۔سابق ویسٹ انڈیز قائد لارا 16برسوں میں 131ٹیسٹ میچز میں11953رنز بنا کر ساتویں نمبر پر موجود ہیں ۔آٹھویں نمبرپر سابق ویسٹ انڈیز قائد چندرپال کا نام ہے جو اپنے منفرد بیٹنگ سٹائل کی وجہ سے مشہور تھے جنہوں نے 21برسوں میں 164میچز میں 11867رنز بنائے ہیں ۔ اس فہرست میں نویں نمبر پر سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردنے کا نام ہے جنہوں نے 149پانچ روزہ میچوں میں 11814رنز بنائے ہیں ۔دسویں نمبر پر آسٹریلیا کے ایلن بارڈر موجود ہیں جنہوں نے 156ٹیسٹ میچوں میں 11174رنز بنائے ہیں ۔ انہوں نے 16برس تک آسٹریلیا کی نمائندگی کی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ سب سے زیادہ رنز بنانیوالے تمام کھلاڑی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں تاہم اس فہرست میں 14نمبر پر انگلینڈ کے جوئے روٹ شامل ہیں جنہوں نے صرف9برسو ں میں117ٹیسٹ میچ کھیل کر 9889رنز بنائے ہیں اور وہ ابھی بھی ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔تاہم انہوں نے کچھ عرصہ قبل انگلش ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی ہے۔