ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ،سپر 12 میں آج نمیبیا اور بھارت مد مقابل ہونگے

لاہور(پاک ترک نیوز) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں دبئی میں آج بھارت اور نمیبیا مدمقابل ہونگے ۔
نمبین کوچ پائرے ڈی برائن کا کہنا تھا کہ ہم نے ورلڈ کپ میں اپنی امیدوں سے بڑھ کر پایا، سپر 12 مرحلہ ہمارے لئے خاصا خوشگوار رہا۔ ہم نے میدان میں مخالف ٹیموں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، سکاٹ لینڈ کیخلاف جیت سے آغاز، پھر افغانستان اور اس کے بعد پاکستان سے میچ نے ہمیں بہت کچھ سیکھنے میں مدد دی۔ دنیا کی بہترین ٹیموں سے آمنا سامنا جوش سے بھرپور احساس رہا، اس دوران جو ہم نے سبق حاصل کئے وہ ہمارے لئے کسی خزانے سے کم نہیں۔
اس میچ کا بظاہر کوئی خاص فائدہ بھارت کو نہیں ہو گا کیونکہ بھارت نیوزی لینڈ کی افغانستان کیخلاف فتح کے بعد ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر ہو چکا ہے۔ ورلڈ سے قبل بھارت کا شمار فیورٹ ٹیموں میں کیا جا رہا تھا اور ویرات کوہلی نے ٹرافی جیت کر مختصر فارمیٹ کی کپتانی باوقار انداز میں چھوڑنے کا فیصلہ کر رکھا تھا تاہم اب جیسے سارے منصوبے پر پانی پھر چکا ہے۔
نمیبیا اوربھارت کے درمیان کھیلا جانے والا یہ میچ سپر 12کا آخری مقابلہ ہے اس کے بعد 10نومبر کو پہلا سیمی فائنل انگلینڈ اورنیوزی لینڈ کے درمیان ہو گا جبکہ 11 نومبر کو دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کو آسٹریلیا کا چیلنج درپیش ہو گا ۔دونوں سیمی فائنل جیتنے والی ٹیموں کا مقابلہ 14 نومبر کو دبئی میں ہو گا۔ سیمی فائنل اور فائنل میچز پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے کھیلے جائیں گے۔

#australia#england#Namibia#newzeland#PakTurkNews#t20worldcupindiaPakistan