پاکستان سپر لیگ 7، کوئٹہ اور پشاور زلمی آج مد مقابل

کراچی (پاک ترک نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )7کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو پشاور زلمی کا چیلنج درپیش ہو گا۔زلمی کے کپتان وہاب ریاض کورونا کا شکار ہونے کے باعث کپتانی کے فرائض شعیب ملک انجام دیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سٹیڈیم میں آج پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز آمنے سامنے ہونگے ۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7بجے کھیلا جائے گا۔
پشاور زلمی ایونٹ کے آغاز سے ہی مشکلات سے دوچار ہیں، کوچ ڈیرن سیمی ذاتی مصروفیات کے باعث زلمی سے علیحدہ ہوگئے ہیں ان کی جگہ انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جیمز فوسٹر کو پشاور زلمی کا نیا ہیڈکوچ مقرر کیا گیا ہے، زلمی کے کپتان وہاب ریاض کرونا کا شکار ہوکر آئسولیشن میں چلے گئے ہیں، انکی عدم موجودگی میں کپتانی کے فرائض شعیب ملک سرانجام دیں گے۔اس سے قبل کامران اکمل اور ارشد اقبال بھی کرونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لئے بڑا دھچکا یہ ہے کہ پی ایس ایل سیون میں ٹیم کی نمائندگی کرنے والے اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ابتدائی دو میچز سے باہر ہوچکے ہیں۔
گذشتہ روز پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

#pakistansuperleague2022#PakTurkNews#peshwarzalmi#psl7#quettagladiatiorskarachi