اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے کہ پاکستان متحد ہے جبکہ عوام اور فوج کے بہادر سپوت ملک کے لیے جان دینے کو تیار ہیں۔قوم آج رات 12 بجے عمران خان کے ساتھ مل کر پاکستان کی 75ویں سالگرہ کا جشن منائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری قوم اپنی حقیقی آزادی کے لیے کھڑی ہے اور آج رات 12 بجے قوم کپتان کے ساتھ قومی ترانہ پڑھ کر 75 ویں سالگرہ کا استقبال کرے گی۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں آج کی تقریب شایان شان ہو گی۔ پاکستان کی آزادی کے لیے لاکھوں خاندان یہاں آ رہے تھے اور پاکستان کی آزادی کے لیے لاکھوں جانیں قربان ہوئیں۔پاکستان یا دنیا میں جہاں بھی پاکستانی موجود ہوں تمام لوگ اس کا حصہ بنیں۔ مینار پاکستان میں عمران خان بڑے بڑے جلسے کرچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں نے فیصلہ کیا ہے حقیقی آزادی کا پاکستان دیکھنا ہے اور ملک کے ہر حصے میں لوگ دنیا کو پیغام دیں کہ پاکستان متحد ہے جبکہ عوام اور فوج کے بہادر سپوت ملک کے لیے جان دینے کو تیار ہیں۔