اسلام آباد(پاک ترک نیوز) سیلاب متاثرین کے لیے پاکستان آنے والی انجلینا جولی نے بدھ کو نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سینٹر (این ایف آر سی سی)کا دورہ کیا۔
انہوں نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر دنیا کی توجہ مرکوز کرانے کےعزم کا اعادہ کیا۔
انجلینا جولی نے بدترین تباہی، عوام کی مشکلات اور پاک فوج کے ریلیف آپریشن کی حقیقی منظر کشی کی، مشکلات میں گھری عوام کی مدد میں دن رات مصروف پاک فوج سے انجلینا جولی متاثرہوئیں۔
این ایف آر سی سی کے مطابق دورے کے موقع پر انجلینا جولی نے کہا کہ کوئی بھی امدادی سرگرمی دیکھی تو دیکھا وہ پاک فوج کر رہی،ہر جگہ پاک فوج کو عوام کی مدد کرتے، زندگیاں بچاتے دیکھا۔ جن زندگیوں کو بچایا گیا، ان سے بات ہوئی وہ اپنے آپ کو محفوظ سمجھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو تباہی ہوئی ہے، دنیا کو اس کا اندازہ ہی نہیں۔ آنے والے ہفتوں میں بھرپور مدد نہ پہنچی تو بچنے والے بھی نہیں بچیں گے۔ انجلینا جولی نے کہا کہ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ان انسانوں میں بے شمار بچے ہیں، میں نے ایسی تباہی اپنی زندگی میں کہیں نہیں دیکھی۔ متاثرین کو خوراک، شیلٹر، طبی سہولیات کی ہنگامی ضرورت ہے۔
پہلے جب بھی آئی پاکستانی عوام کو افغان عوام کی مہمان نوازی کرتے پایا۔ اآج پاکستانی خود بڑی قدرتی آفت کا شکار ہیں۔انجلینا جولی نے عالمی برادری سے پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جو صورتحال ہے دنیا کو اس پر جاگنا چاہیے۔ یہ بہت سارے لوگوں کی زندگی و موت کا مسئلہ ہے۔
کلائمنٹ چینج کے کم ذمہ دار ممالک کو تباہی اور اموات کا دوسروں کی نسبت زیادہ سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہمصیبت کی اس گھڑی میں میرا دل عوام کے ساتھ ہے۔ انجلینا جولی نے بار بار متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان آنے کا عزم کیا۔