اسلام آباد (پاک ترک نیوز) پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم ہونے کے امکانات بڑھ گئے ۔ سول ایوی ایشن نے سیفٹی اسٹینڈرڈ سے متعلق 10 میں سے 9 سیفٹی تحفظات دور کر دیئے ۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی ایوی ایشن کا چیئرمین کمیٹی سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس میں ڈی جی سول ایوی ایشن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انٹرنیشنل سول ایوی آرگنائزیشن کا آڈٹ تاریخ کا سخت ترین آڈٹ تھا جس میں اکاو کے تمام شعبوں کے سربراہ آڈٹ کیلئے پاکستان آئے۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا کہ سول ایوی ایشن نے اکاو کی جانب سیفٹی سے متعلق اٹھائے گئے 9 سیفٹی تحفظات کو دور کیا اور مجموعی طور پر 72 فیصد نمبر لیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اکاو کی جانب سے میل موصول ہوچکی ہے جنوری کی دوسرے ہفتے میں اکاو کی جانب سے سیفٹی بلیٹن جاری کیا جائے گا جبکہ مارچ تک اکاو کی جانب سے حتمی رپورٹ جاری کر دی جائیگی، ڈی جی سول ایوی ایشن نے کمیٹی کو بتایا کہ جعلی لائسنس کے معاملے میں ملوث افراد کیخلاف کریمنل اور محکمانہ کاروائی کی گئی، ایف آئی اے نے 5 ایف آئی آر ز کیں اور 60 لوگوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ انکی منی ٹریک بھی دیکھی گئی۔
ڈی جی سول ایوی ایشن نے بتایا کہ پائلٹس کے امتحانات کو آؤٹ سورس کیا ہے پہلی دفعہ پیپر پر 75 فیصد دوسرے مرتبہ پیپر پر 25 فیصد جبکہ تیسری مرتبہ پیپر پر مکمل فیس پائلٹ کو ادا کرنی ہوگی جبکہ دو سال میں اپنے سسٹم کو ڈویلپ کیا جائیگا۔
پائلٹس کے منسوخ لائسنس کے بارے میں ڈی جی سول ایوی ایشن نےکمیٹی کو آگاہ کیا کہ منسوخ لائسنس والےپائلٹس کو ایک ماہ کے اندر ریویو درخواست دینے کا کہا تاہم اکثر لوگوں کی جانب سے درخواست نہیں دی گئی کابینہ کی جانب سے قائم کمیٹی اس پر کام کر رہی ہے۔