پاکستان کا ترکی سے 4 ٹگز خریدنے کا معاہدہ

پاکستان نے ترکی سے چار اے ایس ڈی ٹگز خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔ خریداری کے معاہدے کی تقریب میں پاکستان کے وزیر بحری امور علی زیدی اور ترکی کے پاکستان میں سفیر احسان مصطفیٰ یرداکل بھی شریک ہوئے۔
پاکستان کی سب سے بڑی بندرگاہ پورٹ قاسم اتھارٹی نے یہ ٹگز ایل این جی کے بڑے بحری جہازوں کے لئے خریدی ہیں جن کی مالیت 3 کروڑ 34 لاکھ ڈالر ہے۔
پاکستان کے بحری امور کے وزیر علی زیدی نے ٹگز تیار کرنے والی ترک کمپنی "سینمار” کو پاکستان میں اپنا پلانٹ لگانے کی دعوت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ترک کمپنی یہاں کی ہنرمند افرادی قوت سے فائدہ اٹھا سکتی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ترکی کی نسبت سستی اجرت پر ہنرمند افرادی قوت موجود ہے۔
سینمار نے پاکستانی وزیر بحری امور کی پیشکش کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ اس پیشکش پر سنجیدگی سے غور کریں گے۔
ترک کمپنی چاروں ٹگز اگلے بارہ ماہ میں پاکستان کو ڈیلیور کر دے گی۔