پاک ایران سرحد پر 6 مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ، معاہدے پر دستخط

پاکستان اور ایران کے درمیان بین السرحدی تجارتی منڈیوں کے قیام پر مفاہمتی یادداشت(ایم او یو ) پر دستخط ہوگئے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور ایران کے مابین سرحدی تجارتی مراکز (Border Market places) کھولنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جب کہ ایران کی طرف سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے دستخط کیے۔

ایم او یو کے مطابق پاکستان اور ایران کے’ بارڈر ایریاز ‘ میں 6 تجارتی مراکز کھولے جائیں گے  جو کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کی سرحد پر قائم کیے جائیں گے۔

پہلے مرحلے میں سرحدی مقامات پر تین تجارتی منڈیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا، تین دیگر سرحدی مقامات پر بعد میں مشترکہ بازار قائم کیے جائیں گے،ان منڈیوں کا انتظام دونوں ملکوں کے مابین طے کردہ معاہدوں اور طریقہ کار کے تحت ہوگا۔

اس موقع پر  شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاک، ایران سرحد پر تجارتی مراکز کا قیام دونوں ممالک کے لیے یکساں طور مفید ثابت ہوگا۔سرحدی علاقے کے مکینوں کی معاشی حالت بہتر بنانےکےلیے یہ ایک انتہائی مؤثر اقدام ہے۔

پاکستان اور ایران کے مابین بارڈر مارکیٹس کھولنے کی تجویز وزیر اعظم عمران خان نے 2019 میں اپنے دورہ  ایران کے وقت ایران کے صدر روحانی کے ساتھ ملاقات کے دوران پیش کی تھی۔

پاک ایران تعلقاتپاکستانپاکستان اور ایران