پاک روس روڈ ٹرانسپورٹ معاہدے پر دستخط

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان اور روس کے درمیان روڈ ٹرانسپورٹ معاہد ے پر دستخط ہو گئے ۔معاہدے سے دونوں ممالک میں سفر اور سامان کی آسانی سے ترسیل ممکن ہوگی۔
وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کی روس کے وزیر ٹرانسپورٹ وٹالی سیویلیف سے ملاقات ہوئی جس میں مولانا اسعد محمود نے پاکستان اور روس کے درمیان بین الاقوامی روڈ ٹرانسپورٹ کے معاہدے پر دستخط کئے۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ آپریشنل طریقوں پر اتفاق کرنے اور نفاذ سے متعلق مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ایک مشتر کہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔
معاہدہ سے پاکستان اور روس کے مابین روڈ کے ذریعے سفر اور سامان کی آسانی سے ترسیل ممکن ہوگی اور ٹرانسپورٹ آپریشنز روڈ ٹرانسپورٹ پرمٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے۔
مولانا اسعد محمود نے کہا کہ روس وسائل سے مالا مال اور تکنیکی طور پر ترقی یافتہ ملک ہے، یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی روابط اور عوامی روابط قائم کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ روس یوکرین جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور خطے میں امن بحال ہو گا تا کہ تجارتی سرگرمیاں معمول کے مطابق چل سکیں۔

#goods#islamabad#PakTurkNews#roadtransport#trnasportPakistanrussia