لاہور (پاک ترک نیوز) پرویز الہی یا حمزہ شہباز ، تخت پنجاب کا فیصلہ آج ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں وزارت اعلیٰ کا فیصلہ آج ہو گا، حمزہ شہباز یا پرویز الہی میں سے کوئی ایک آج تخت لاہور کا حکمران بنے گا۔
سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے فری اینڈ فیئر انتخاب کے لیے ووٹنگ آج کو ہوگی، وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے حکومتی اتحاد کے امیدوار حمزہ شہباز اور تحریک انصاف و اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے امیدوار پرویز الہٰی میں مقابلہ ہوگا۔
ضمنی الیکشن کے بعد اسمبلی میں پارٹی پوزیشن تبدیل ہو گئی ہے، مسلم لیگ ن اور اتحادیوں کے پاس اس وقت 178 ارکان موجود ہیں، جبکہ تحریک انصاف اور ق لیگ کے ارکان کی تعداد 188 ہے، 15 نئے ایم پی ایز کے حلف کے بعد پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 178 ہو گئی ہے۔
مسلم لیگ ق کے 10 ارکان اسمبلی ہیں، تحریک انصاف کے رکن ، ڈپٹی سپیکر پریذائڈنگ افسر کے فرائض سرانجام دیں گے اور ان کا ووٹ شمار نہیں کیا جائے گا۔ تحریک انصاف کے ایک رکن چودھری مسعود احمد بیرون ملک جا چکے ہیں، اس طرح ، پرویز الہٰی کو اپنے اتحاد کی طرف سے زیادہ سے زیادہ 186 ووٹ مل سکتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے تین ارکان اسمبلی کے حلف کے بعد حکومتی اتحاد کی تعداد 178 ہو گئی ہے، مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 166 ہے، پیپلز پارٹی کے 7 ارکان ہیں، 4 آزاد اراکین اور ایک راہ حق پارٹی کا رکن ملا کر حمزہ شہباز کے حامیوں کی تعداد 178 بنتی ہے۔ ضمنی انتخاب میں لودھراں سے جیتنے والے رکن پیر رفیع الدین اور چودھری نثار ابھی تک غیر جانبدار ہیں۔