پنجاب کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30فیصد اضافے کی منظوری دیدی

لاہور(پاک ترک نیوز) پنجاب کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30فیصد اضافے کی منظوری دیدی۔ پنشن میں بھی 15فیصد اضافے کی منظوری دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فی صد اضافے کی منظوری دے دی گئی۔
صوبائی کابینہ نے مالی سال 2022-23 کی بجٹ تجاویز کی منظوری دے دی ہے، جس کے مطابق صوبے میں وفاق کی طرز پر تمام ایڈہاک ریلیف تنخواہوں میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت 15 فی صد اضافی تنخواہ کے ساتھ 15 فی صد ڈسپیرٹی الاؤنس بھی دے گی، جس صرف مخصوص سرکاری محکموں کے ملازمین ہی کو ملے گا۔
صوبائی کابینہ نے اجلاس میں پنشنرز کے لیے بھی اچھی خبر سنا دی، جس کے مطابق پنشن میں 5 فی صد اضافے کی تجویز کے برعکس 15 فی صد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔پنجاب کابینہ نے مجموعی طور پر 3229 ارب روپے کا بجٹ پیش کرنے کی منظوری دی۔
پنجاب کے نئے مالی سال 2022-23 کے لیے 3226 ارب روپے کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا۔ اسپیکر چوہدری پرویز الہی کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا بجٹ اجلاس ہوگا، صوبائی وزیر سردار اویس لغاری آئندہ مالی سال کا 3226 ارب روپے کا بجٹ پیش کریں گے۔
اجلاس میں بھارت کے توہین آمیز بیانات کے خلاف مذمتی قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔ سابق صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر قرارداد ایوان میں پیش کریں گے۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق اپنے ارکان کیخلاف مقدمات اور گرفتاریوں کا معاملہ بھی اٹھائیں گی۔

 

#govtemplies#hamzashahbaz#Lahore#PakTurkNews#pervazelahi#punjab#salaryBudget