لاہور(پاک ترک نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ پوری ٹیم ہی ٹرمپ کارڈ ہے، یقین رکھتا ہوں کہ جو بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا ہے وہ میچ جتوا کر ہی آئے گا اور ماضی میں اس کی مثالیں دیکھ چکے ہیں۔
دورہ نیدر لینڈ اور ایشیا کپ کے لیے روانگی سے قبل لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ ٹیم کوئی بھی ہو ہم سب نے پاکستان کے لیے کھیلنا ہےنیدرلینڈ اور ایشیا کپ کے لیے جو بہترین ٹیم دستیاب تھی وہ ہم نے پاکستان کے لیے منتخب کی اب تبدیلی کا وقت نہیں ہے۔ون ڈے میچز کافی دیر بعد ہو رہے ہیں، نئے کھلاڑیوں کو ضرور موقع دیں گے، ٹیم کوئی بھی ہو ہم سب نے پاکستان کے لیے کھیلنا ہے۔کوئی بھی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر آسان نہیں ہوتی، ہم کسی ٹیم کو ہلکا نہیں لے رہے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ اپنی ٹیم پر یقین ہے کہ سب اچھا پرفارم کریں گے، شاداب کی ٹیم سے واپسی کا فائدہ ہو گا، ٹیم پر کوئی دباؤ نہیں ہے، کھلاڑی اپنی فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔
شعیب ملک کی ٹیم میں واپسی سے متعلق سوال پر بابر اعظم کا کہنا تھا میں نے کوچ اور سلیکٹرز کے ساتھ مشاورت کے بعد جو بہترین ٹیم تھی پاکستان کے لیے وہ منتخب کی ہے، نیدر لینڈ کے فوری بعد ایشا کپ ہے اس لیے ٹیم میں تبدیلی کا کوئی چانس نہیں ہے۔
عماد وسیم کی ٹیم میں واپسی سے متعلق سوال پر قومی ٹیم کے کپتان نے جواب دیا کہ کسی کے لیے بھی ٹیم کے دروازے بند نہیں ہوتے لیکن اس وقت محمد نواز اچھا پرفارم کر رہا ہے، البتہ پاکستان کو جب بھی ضرورت پڑے گی تو انہیں ضرور ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔
حسن علی سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ حسن علی کو ہمیشہ سپورٹ کیا ہے کیونکہ وہ ایک ٹیم مین ہے لیکن بدقسمتی سے ابھی اس کی فارم نہیں چل رہی، امید ہے وہ ڈومیسٹک میں پرفام کرے گا اور واپس ٹیم میں آئے گا۔
ٹیم میں ٹرمپ کارڈ سے متعلق سوال پر بابر اعظم نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں تمام کھلاڑیوں پر یقین رکھتا ہوں، پوری ٹیم ہی ٹرمپ کارڈ ہے، یقین رکھتا ہوں کہ جو بھی کھلاڑی وکٹ پر کھڑا ہے وہ میچ جتوا کر ہی آئے گا اور ماضی میں اس کی مثالیں دیکھ چکے ہیں۔