پی ایس ایل کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی جے ایل متعارف کرادی

لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجا نے اپنی شاندار اننگز کا آغاز کرہی دیا اور لے کر آئے ہیں دنیائے کرکٹ کا اچھوتااور انقلابی منصوبہ ، جسے پی جے ایل یعنی پاکستان جونیئر لیگ کا نام دیا گیا ہے ۔ اس لیگ میں پی ایس ایل کی طرز پر مختلف شہروں کے ناموں کے ساتھ جونیئرز کھلاڑیوں کی ٹیمیں بنائی جائیں گی ۔
چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے پاکستان جونیئر لیگ کا اعلان کرتے ہوئے اسے وقت کی ضرورت قرار دیا اور کہا کہ جونیئرکھلاڑیوں کے لیے اس سے بہتر کوئی منصوبہ نہیں ہوسکتا ہے ، جس میں انہیں وی آئی پی ماحول میں اعلی معیار کی کوچنگ ملے گی ۔
پی جے ایل میں 100 کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا ، انہیں ماہانہ 30 ہزار روپے مشاہرہ ملے گا ۔ لیگ میں شامل ٹیموں کے لیے کھلاڑی ڈرافٹ کے ذریعے چنے جائیں گے ۔ رمیز راجا کے مطابق اس لیگ میں غیر ملکی کھلاڑی بھی معقول معاوضے پر شامل ہوں گے ۔

امید کی جارہی ہے کہ پی جے ایل میں انڈر 19 کھلاڑی حصہ بنیں گے ۔ یہی لیگ کی سب سے بڑی خوب صورتی اور سب سے بڑی کمزوری بھی ہے۔ کیونکہ اپنی نوعیت کے اس اچھوتے منصوبے میں کوئی مشہور کھلاڑی نہیں ہوگا ۔ لہذا اس کی سپانسرشپ اور فرنچائز ڈھونڈنا دونوں ہی پی سی بی کے لیے آسان نہیں ہوگا۔
ایک اور اہم بات یہ ہے کہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجا یہ منصوبے اس وقت شروع کررہے ہیں جب ان کے گرو عمران خان اقتدار سے نکل کر سڑکوں پر تحریک چلارہے ہیں اور چیئرمین کی سیٹ کے لیے کئی امیدوار ان کی جگہ لینے کو تیار ہیں ۔

#pcb#pslpakistan junior leaguepjlPTNrameez rajaپاکستان جونیئر لیگ ، پی ایس ایل ، پی جے ایل ، پاک ترک نیوز ، pak turk news