لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )7کے پلے آف مرحلے کیلئے آفیشلز کا تقرر کردیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے 23 سے 25 فروری تک کھیلے جانے والے پی ایس ایل 7 کے پلے آف مرحلے کیلئے میچ ریفریز اور امپائرز کا تقرر کردیا ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 23 فروری کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے مابین کھیلے جانے والے کوالیفائر میں میچ ریفری کی ذمہ داری روشن ماہنامہ ادا کریں گے۔ اس دوران علیم ڈار اور رچرڈ ایلنگ ورتھ آن فیلڈ امپائرز جبکہ مائیکل گف اور احسن رضا بالترتیب تیسرے اور چوتھے امپائر ہوں گے۔
ایونٹ کا پہلا ایلیمنٹر 24 فروری کو پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس میچ میں ریفری کی ذمہ داریاں آئی سی سی کے چیف میچ ریفری رنجن مدوگالے ادا کریں گے ۔ علیم ڈار اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائرز جبکہ رچرڈ ایلنگ ورتھ اور راشد ریاض بالترتیب تیسرے اور چوتھے امپائر ہوں گے۔
25 فروری کو شیڈول ایلیمنٹر ٹو کے لیے روشن ماہنامہ کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔ اس دوران رچرڈ ایلنگ ورتھ اور مائیکل گف آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ علیم ڈار اور آصف یعقوب بالترتیب تیسرے اور چوتھے امپائر ہوں گے۔
پی ایس ایل 7کا فائنل 27 فروری کو کھیلا جائے گا جس کیلئے میچ آفیشلز کا تقرر بعد میں کیا جائے گا۔