کراچی (پاک ترک نیوز) حکمران جماعت پی ٹی آئی ،مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام ف کے قافلے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گئے ۔
وفاقی دارالحکومت میں تحریک انصاف 27مارچ کو جلسہ کرے گی جبکہ مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کی جانب سے مہنگائی مارچ کیا جائے گا ۔
جلسے میں شرکت کیلئے پی ٹی آئی کا قافلہ خصوصی ٹرین کے ذریعے کراچی کینٹ سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گیا ۔تحریک انصاف کے قافلے کی قیادت رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اور رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی کر رہے ہیں ۔خصوصی ٹرین میں پی ٹی آئی کارکنان کیلئے 18بوگیاں لگائی گئی ہیں جن میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد سوار ہے ۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے جلسہ میں شرکت کے لیے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کی قیادت میں قافلہ اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔میڈیا کوآرڈینیٹر وزیراعلیٰ کے مطابق وزیراعلیٰ کے ہمراہ ہزاروں لوگ جلسے میں شرکت کے لیے پہنچ چکے ہیں، وزیراعلیٰ آئی ٹین گراؤنڈ میں جلسے سے شرکاء سے خطاب کریں گے۔عالم نور حیدر نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے عوام محبوب لیڈر عمران خان پر اعتماد کا اظہار کریں گے اور لوگ روایتی ٹوپی پہن کر کل جلسے میں شریک ہوں گے۔
ادھر مسلم لیگ ن کے نائب صدور مریم نواز اور حمزہ شہباز کی قیادت میں مہنگائی مکائو لانگ مارچ آج ماڈل ٹائون سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گا ۔لانگ مارچ روانگی سے قبل ساڑھے تین بجے مریم اور حمزہ شہباز پریس کانفرنس بھی کریں گے ۔مہنگائی مکائو لانگ مارچ کے والے سے شہر بھر میں بینرز لگا دیئے گئے ۔ مہنگائی مکائو مارچ آج گوجرانوالہ پہنچے گا جہاں سے کل 27مارچ کو اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مہنگائی مکاؤ مارچ میں بھرپور شرکت کی عوامی دعوت دی ہے۔
دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا اختیار ولی خان کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کیلئے مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کا قافلہ 28 مارچ کو پشاور سے روانہ ہوگا۔
جمعیت علماء اسلام (ف) نے حکومت کے خلاف مہنگائی مارچ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام قافلے 26 مارچ کی شام اسلام آباد میں داخل ہوں گے اور سری نگر ہائی وے پر جمع ہوں گے۔ڈیرہ اسماعیل خان سے جے یو آئی ف کا مرکزی قافلہ اسلام آباد روانہ ہوگا۔
دوسری جانب اسلام آباد کی انتظامیہ نے 27مارچ کو پریڈ گرائونڈ شکر پڑیاں میں ہونیوالے جلسے کیلئے اضافی کو طلب کرلیا گیا ہے ۔
کمشنر آفس راولپنڈی میں سیاسی جما عتوں کے جلسوں و مارچ کے پیش نظر امن و امان کے سلسلے میں خصوصی کنٹرول روم قائم کرلیا گیا۔وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن وامان قائم رکھنے کے لیے پنجاب سے مزید پولیس فورس اور وسائل طلب کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر پنجاب پولیس کے دو ہزار افسران و جوان اسلام آباد میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے خدمات سرانجام دیں گے۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی و دیگر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ سیکیورٹی انتظامات کو بہترین بنانے اور مانیٹرنگ کے نظام کو مؤثر کر نے کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
ڈویژن بھر میں تمام آفیسرز اور آفیشلز کی چھٹیاں منسو خ کر دی گئیں جبکہ افسران اور سٹاف کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔
ہسپتالوں میں قبل از وقت اقدامات کے تحت ایمرجنسی نافذ جبکہ سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ آفسران کی انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر ڈیوٹی مقرر کر دی گئی۔