پی ٹی آئی کا قافلہ اٹک میں داخل ہو گیا

اٹک (پاک ترک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کا قافلہ اٹک میں داخل ہو گیا ۔کارکنوں کی بڑی تعداد تحریک انصاف کے آزاد ی مارچ میں شریک ہے۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل اورالیکشن تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔ چوروں کا ٹولہ امریکا کے نوکر عوام سے خوفزدہ ہو چکے ہیں۔
عمران خان کا قافلہ اٹک پل پر پہنچ گیا، تاہم ان کے پہنچنے سے پہلے ہی کارکنان پر پولیس نے لاٹھی چارج اور شیلنگ شروع کردی۔ عمران خان نے سوشل میڈیا پر بیان میں کسی قسم کے معاہدے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کی ڈیل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہم اسلام آباد کی جانب بڑھ رہے ہیں، اسمبلیوں کی تحلیل اورالیکشن تاریخ کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔
اس سے قبل عمران خان کا قافلہ صوابی ریسٹ ایریا پہنچا جہاں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چوروں کا ٹولہ امریکا کے نوکر عوام سے خوفزدہ ہو چکے ہیں، غلام حکومت نے ہمارے لوگوں کو گرفتار کیا، اس کے برعکس مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھی لانگ مارچ کر چکے ہیں، مریم نواز بھی لانگ مارچ کرنے نکلی تھیں لیکن ہم نے کسی لانگ مارچ میں خلل پیدا نہیں کیا، ہم پرامن احتجاج کریں گے اور ڈی چوک پہنچیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ کارکنان رکاوٹیں ہٹانے کے لیے تیار ہیں اور انہوں نے ہر قسم کی رکاوٹیں ہٹا کر اسلام آباد پہنچنا ہے، ہم ملک کو اکھٹا کرکے آزاد قوم بنائیں گے، مضبوط قوم امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی، سب نے ملک کو آزاد کرنے کےلیے نکلنا ہے۔

##attock#longmarch#PakTurkNews#peshwar#pti#ptilongmarch