اسلام آباد (پاک ترک نیوز) ترک مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر نے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی ۔
ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کے امور سمیت افغانستان کی تازہ ترین صورتحال اور دوطرفہ فوجی تعلقات اور تعاون کے دائرہ کار کو بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکی سدا بہار دوست ہونے کے ناطے گہرے تزویراتی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔
دونوں جانب سےفوجی رابطوں اورتعاون کوبڑھانےکےمتعلق امورپربھی گفتگو کی گئی ۔
اس سے پہلے جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر، مسلح افواج کے ایک چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔