بیجنگ (پاک ترک نیوز) چین نے کورونا وائرس کیسز میں اضافے کے بعد شمالی شہر ژیان میں شہر اور کام کی جگہوں پر 13ملین لوگوں پر سخت لاک ڈاؤن لگانے کا اعلان کیا ہے۔مقامی انتظامیہ کی جانب سے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے کہ ضروری کام اور ایمرجنسی صورتحال کے علاوہ شہریوں کو گھروں سے نکلنے ی اجازت نہیں ہے۔ژیان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مقامی طور پر منتقل ہونے والے 63 کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے گزشتہ ہفتے کے دوران کورونا کی کل تعداد کم از کم 211 کیسز تک پہنچ چکی ہے۔
حکمنامے کے مطابق ہر گھر سے صرف ایک ہی فرد کو دو روز بعد گھر سے نکل کر گراسری کرنے کی اجازت ہو گی۔ انتظامیہ کی جانب سے پابندیاں اٹھانے کی کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔ابھی تک اس بعد کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ آنے والے کیسز کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے ہیں یا ڈیلٹا وائرس ایک بار پھر تیزی سے پھیل رہا ہے۔
یاد رہے چین میں ابھی تک صرف سات اومی کرون کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے چار گوانگژو کے جنوبی مینوفیکچرنگ سینٹر میں، دو جنوبی شہر چانگشا میں اور ایک تیانجین کی شمالی بندرگاہ میں رپورٹ ہوا ہے۔